کویت/30نومبر(ایجنسی) کویت نے قطر کو خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) کے آیند ہ ہفتے منعقد ہونے والے سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ جون سے خلیجی ممالک کے ساتھ جاری تنازع کے بعد قطر کو پہلی مرتبہ کونسل کے کسی رکن ممالک کی جانب سے اس قسم کا دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔
کویت کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے یو این اے کے مطابق امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر
الصباح نے جمعرات کو امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو جی سی سی کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے دعوت نامہ بھیجا ہے۔
کویتی حکام نے بدھ کو بتایا تھا کہ خلیجی عرب ریاستوں کا سالانہ سربراہ جلاس بعض رکن ممالک میں تنازع کے باوجود پانچ اور چھے دسمبر کو کویت میں ہوگا۔ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات اس اجلاس میں شرکت کریں گے یا نہیں اور یہ بھی معلوم نہیں کہ ان کی نمائندگی کون کرے گا یا کس سطح کی ہوگی؟