نئی دہلی، 09 مئی (یو این آئی) کانگریس نے پیر کو کہا کہ مودی حکومت کی معاشی پالیسیوں کے فقدان کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کار ملک سے بھاگ رہے ہیں، بدعنوانی عروج پر ہے اور مہنگائی آسمان چھو رہی ہے، اس لیے 75 سال میں روپیہ نچلی ترین سطح پر چلا گیا ہے کانگریس کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے آج یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ روپیہ 77.41 پیسے فی ڈالر کی اب تک کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے اور 75 سال میں پہلی بار روپیہ ایک طرح سے اس سطح پر گرکر آئی سی یو میں
پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مذہبی بنیادوں پر لوگوں کے جذبات بھڑکائے جا رہے ہیں اور ملک میں بدامنی کا ماحول ہے۔ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے فقدان کی وجہ سے ہر طرف مہنگائی کا راج ہے۔ پٹرول، ڈیزل اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں اور سرمایہ کار ملک چھوڑ کر واپس جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی، پالیسی کا فقدان، مذہب کی بنیاد پر ملک میں بدامنی کا ماحول اور ملک اور ریاستوں پر حد سے زیادہ قرض جیسی کئی وجوہات کی وجہ سے سرمایہ کار بھاگ رہے ہیں۔