جکارتہ/16جنوری(ایجنسی) انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں اسٹاک ایکس چینج کی عمارت کی نچلی منزل ( بالکونی) کی چھت گر گئی ہے جس کے نتیجے میں متعدد طلبہ سمیت ستر سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس نے میزنائن فلور کی چھت گرنے کے واقعے میں بم دھماکے کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔اس نے ستر سے زیادہ افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے لیکن کسی
شخص کے مرنے کی اطلاع نہیں دی۔ زخمی طلبہ ایک جامعہ میں زیر تعلیم ہیں اور وہ واقعے کے وقت میز نائن فلو ر پر موجود تھے۔
اسٹاک ایکسچینج کی بلندوبالا عمارت جکارتہ کے کاروباری علاقے میں واقع ہے اور یہ دو ٹاوروں پر مشتمل کمپلیکس کا حصہ ہے۔اس میں عالمی بنک سمیت دسیوں اور اداروں کے دفاتر بھی قائم ہیں۔ یہ عمارت 1990ء کے عشرے کے آخیر میں تعمیر کی گئی تھی۔ اس پر ستمبر 2000ء میں جنگجوؤں نے ایک کار بم حملہ بھی کیا تھا۔