نئی دہلی ، 27 مئی (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان میں ڈرون ٹکنالوجی کے تعلق سے جو جوش وخروش دکھائی دیتا ہے، جس سے واضح ہے کہ ہندوستان میں گلوبل ڈرون ہب بننے کی صلاحیت ہے ۔
مسٹر مودی نے یہاں انڈیا ڈرون فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں گلوبل ڈرون ہب بننے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا’’ ڈرون ٹیکنالوجی کے سلسلے مین جو جوش و خروش دیکھنے کو مل رہا ہے وہ حیرت انگیز ہے۔ یہ جوتوانائی نظر آ رہی ہے ، وہ ہندوستان میں ڈرون سروس اور ڈرون پر مبنی صنعت کی لمبی چھلانگ کی عکاس ہے ۔ یہ ہندوستان میں روزگار پیدا کرنے کے ایک ابھرتے ہوئے بڑے شعبے کی صلاحیت کو ظاہر
کرتا ہے ۔
ملک میں ڈرون انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئےانہوں نے کہا’’ آٹھ سال پہلے، یہ ہی وہ وقت تھا جب ہندوستان میں ہم نے گڈ گورننس کے نئے ضوابط کو نافذ کرنا شروع کیا تھا ۔ منیمم گورنمنٹ اورمیکسیمم گورننس کے راستے پر چلتے ہوئے زندگی اور کاروبار کو ہم نے آسان بنانے کو ترجیح دی ہے ۔ پہلے کی حکومتوں کے دوران ٹیکنالوجی کو مسئلے کا حصہ سمجھا جاتا تھا، اس کو غریب مخالف ثابت کرنے کی کوشش کی جاتی تھی ۔ جس کی وجہ سے 2014 سے قبل گورننس میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے سلسلے میں بے حسی کا ماحول تھا ۔ اس کا سب سے زیادہ نقصان غریب ، پسماندہ اور متوسط طبقے کو ہوا‘‘ ۔