نئی دہلی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ملک کی خارجہ پالیسی پاکستان پر مبنی ہے۔ مسٹر مودی نے ایک نجی ٹی وی چینل کو دیئے انٹرویو میں کہا ہے کہ یہ سوچنا کہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی صرف پاکستان پر مبنی ہے، ہندوستان کے ساتھ سخت ناانصافی کرنے جیسا ہے۔ ہندوستان کی خارجہ پالیسی صرف ایک ملک پر مبنی نہیں ہے، اور ایسا ہونا بھی نہیں چاہئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان کسی ایک ملک کو الگ تھلگ کرنے کی کوشش نہیں کر رہا لیکن جو بھی دہشت گردی کے خلاف سخت
قدم اٹھائے گا وہ اس ملک کا استقبال کریں گے۔ انہوں نے کہا’’ انسانیت خطرے میں ہے اور اس کو بچانے کے لئے ان تمام ممالک کو ایک ساتھ آنے کی ضرورت ہے جو انسانيت پر یقین رکھتے ہیں۔ ہمیں ان سب کو متحد کرنا ضروری ہے تب ہی ہم دہشت گردی کو شکست دے سکتے ہیں‘‘۔
انہوں نے کہا’’میں پاکستان کے لوگوں سے براہ راست کہنا چاہتا ہوں کہ کیا ہمیں غربت سے نہیں لڑنا چاہئے؟ کیا ہمیں ناخواندگی سے نہیں لڑنا چاہئے؟ کیا ہمیں بیماری سے نہیں لڑنا چاہئے؟ اگر ہم ان کے ساتھ مل کر لڑیں گے تب ہم جلد ہی جیت جائیں گے۔