نئی دہلی، 18 نومبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ حکومت نے 2014 سے پہلے بینکوں کو درپیش مسائل اور چیلنجوں کو حل کردیاہے اور اب ملک کا بینکنگ سیکٹر پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط بنیاد پر ہے اور اسے عالمی سطح پر تسلیم کیا جانے لگاہے۔
مودی نے کہا کہ ملک میں اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ کی وجہ سے آج بینکوں کے لیے کام کرنے کا بہت اچھا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیاں اور اسٹارٹ اپ جس رفتار سے ترقی کر رہے ہیں وہ بے مثال ہے۔ لوگوں کی امنگوں کو تقویت دینے کے لیے اس سے بہتر وقت نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہاکہ آپ انہیں پیسے دیں، ان میں سرمایہ کاری کریں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں ان لوگوں سے 5 لاکھ کروڑ روپے وصول کیے گئے ہیں جنہوں نے بینکوں کو لاکھوں کروڑوں کا نقصان پہنچایا ہے۔ بینکوں کے این پی اے (غیر فعال سرمایہ) کی سطح پانچ سال کی کم ترین سطح پر ہے اور آج ان کے پاس معاشیات کے قرض کی ضرورت پوری کرنے کے لیے کافی سرمایہ موجود ہے۔
انہوں نے بینک حکام پر زور دیا کہ وہ اپنے قرض کے لیے درخواست دینے والے شخص کے ساتھ ایک وکیل کی طرح سلوک نہ کریں بلکہ ان کے ساتھ شراکت دار کے جذبے سے کام کریں۔