ذرائع:
ہاپوڑ:پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کو ہندوستانی فوج سے متعلق خفیہ دستاویزات فراہم کرنے والے ہندوستانی شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یوپی اے ٹی ایس کی ٹیم نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ ملزم کی شناخت ستندر سیوال کی حیثیت سے کی گئی ہے جو یوپی کے ہاپوڑ ضلع کا رہنے والا ہے۔ ملزم وزارت خارجہ میں بطور ایم ٹی ایس کام کر رہا تھا اور اس وقت روس کے سفارت خانے میں تعینات تھا۔
یو پی اے ٹی ایس کو مختلف خفیہ ذرائع سے یہ اطلاع ملی تھی کہ پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے ہینڈلر کچھ فرضی افراد کے ذریعے حکومت ہند کی وزارت خارجہ کے ملازمین کولالچ دے کر ہندوستانی فوج سے متعلق خفیہ معلومات فراہم کررہے
ہیں۔ یہ معلومات ایسی تھیں کہ ہندوستان کی اندرونی اور بیرونی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ بن سکتی ہیں۔
اس کے بعد ٹیم نے الیکٹرانک اور فزیکل سرویلنس کے ذریعے معلومات کی تصدیق کی اور پتہ چلا کہ ہاپوڑ کا رہائشی ستیندر اس میں ملوث ہے۔ وہ آئی ایس آئی کے ہینڈلرز کے نیٹ ورک میں شامل ہو کر ہندوستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے اور ہندوستانی سفارتخانہ، وزارت دفاع اور وزارت خارجہ سمیت ہندوستانی فوجی اداروں کی اسٹریٹجک سرگرمیوں سے متعلق اہم خفیہ معلومات بیرونی ممالک کو بھیج رہا ہے۔ ستیندر کو میرٹھ بلا کر پوچھتاچھ کی گئی اور وہ کسی بھی سوال کا تسلی بخش جواب نہیں دے سکا۔ بعد میں اس نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ اس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔