واشنگٹن، 25 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکہ، ہندوستان، جاپان اور آسٹریلیا کے کواڈرینگولر فریم ورک (کواڈ)کو انڈو پیسیفک خطے اور دنیا میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے والا ایک اتحاد قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ہندوستان مثبت سوچ کے ساتھ دنیا اور انسانیت کی فلاح وبہبود کے لئے آگے بڑھے گا۔
امریکی صدر مسٹر بائیڈن کی میزبانی میں وائٹ ہاؤس میں شروع ہونے والی اس میٹنگ میں ہندوستان کے وزیر اعظم مسٹر مودی، آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن اور جاپان کے وزیر اعظم یوشی ہیدو سوگا نے شرکت کی۔ وائٹ ہاؤس کے ایک ہال میں چاروں رہنما مختلف میزوں پر سرکلر انداز میں بیٹھے۔ وزیراعظم نریندرمودی کی سیٹ کے پیچھے وزیر خارجہ ایس جے شنکر، قومی سلامتی کے مشیر، سکریٹری خارجہ ہرش وردھن شرنگلا
اور امریکہ میں ہندوستان کے سفیر ترنجیت سنگھ سندھو بیٹھے تھے۔
ہندبحرالکاہل خطے کو آزاد، کھلا، پرامن، خوشحال بنانے کے لئے جامع نقطہ نظر سے قائم اس اتحاد کی پہلی براہ راست میٹنگ کاآغاز کرتے ہوئے امریکہ کے صدر جوزف آر بائیڈن نے اپنے افتتاحی کلمات میں ہندوستان، جاپان اور آسٹریلیا کے وزرائے اعظم کا خیرمقدم کیا۔ امریکی صدرنے کہا کہ چھ ماہ قبل ملے تھے تو ہم نے ایک آزاد اور کھلے ہند بحرالکاہل کے لئے ایک مساوی اورمثبت ایجنڈا کو بڑھانے کا پختہ عزم کیا تھا۔ آج ہمیں فخر ہے کہ ہم نے اس سمت میں شاندار ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ویکسین کی پہل درست سمت میں ہے اور ہندوستان میں ویکسین کی ایک ارب خوراک بنانے کے لیے کام جاری ہے۔ انہوں نے کواڈ ممالک کے طلباء کے لیے فیلوشپ شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔