نئی دہلی، 25 فروری (یو این آئی)ہندوستان اورامریکہ نے آج یہاں اپنے تعلقات کو نئی اونچائیوں پر لے جانے اور مجموعی عالمی ڈپلومیٹک شراکت داری قائم کرنے کا اعلان کیا اور دفاعی سپلائی چین کے تبادلہ میں ا ضافہ کرنے اور اسمگلنگ، دہشت گردی اور منظم جرائم سے نمٹنے کےلئے نیا نظام وضع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان یہاں حیدرآباد ہاؤس میں ہوئی چوٹی کی میٹنگ میں اعلان کیا گیا۔
اس سے پہلے مسٹر مودی نے ٹرمپ کا حیدرآباد ہاؤس میں خیر مقدم کیا۔ اس کے بعد دونوں لیڈروں کے
درمیان تنہائی میں بات چیت ہوئی۔ اس کے بعد وفودکی سطح پر اعلی سطحی میٹنگ شروع ہوگئی۔ تنہائی میں ہوئی میٹنگ کے بعد مختصر بیان میں مسٹر مودی نے امریکی صدر کا رسمی خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں آپ کا اور امریکی وفد کا ہندوستان میں خیر مقدم کرتا ہوں۔ میں جانتا ہوں کہ آپ ان دنوں مصروف ہیں پھر بھی آپ نے ہندوستان آنے کے لئے وقت نکالا۔ اس کے لئے میں آپ کا شکرگذار ہوں۔‘‘
مسٹر ٹرمپ شام کوراشٹرپتی بھون میں صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کریں گے اور ان کے اعزاز میں منعقد عشائیہ میں شرکت کرنے کے بعد دیر رات اپنے ملک روانہ ہوجائیں گے۔