نئی دہلی، 19 مارچ (یو این آئی) جاپان کے وزیر اعظم فومیو کشیدا‘ اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان ہفتےکو یہاں منعقد ہونے والی چوٹی کانفرنس کے دوران دو طرفہ اسٹریٹجک تعلقات کو بڑھانے اور ہندوستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے پانچ سالوں میں 42 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے ممکنہ اعلان کے علاوہ، نئی دہلی سے یوکرین جنگ پر ایک سخت موقف اختیار کرنے کی اپیل کیے جانے کا امکان ہے۔
وزیر اعظم کشیدا جو اس خطے میں چین کے مؤثر اقدامات کے پیش نظر ایک آزاد اور کھلے ہند
بحرالکاہل کو یقینی بنانے کے لیے زور دینے کی امید کر رہے ہیں، آج دوپہر کے بعد یہاں پہنچے ۔ وہ شام حیدرآباد ہاؤس میں مسٹر مودی کے ساتھ چوٹی کانفرنس کریں گے۔
جاپان کے وزیر اعظم کا ساڑھے چار سالوں میں یہ پہلا ہندوستان کا دورہ ہے۔ مسٹر کشیدا اس سے قبل جاپان کے وزیر خارجہ کے طور پر پی ایم مودی سے مل چکے ہیں۔
جاپانی وزیر اعظم چوٹی کانفرنس کے دوران بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے پانچ سالوں کے دوران ہندوستان میں پانچ ٹریلین یین (42 ارب ڈالر) کی سرمایہ کاری کے منصوبوں کا اعلان کرنے والے ہیں۔