نئی دہلی، 20ستمبر (ایجنسی) ملک میں ہی تیار کردہ سطح سے سطح پر مار کرنے والی میزائل "پرہار" کا آج اوڈیشہ میں بالاسور ٹیسٹ رینج میں کامیاب تجربہ کیا گیا۔
ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) نے میزائل کا تجربہ کیا۔ پرہارعصر حاضر کا ایسا ہتھیار نظام ہے جو اہم ہتھیار لے جانے کے ساتھ ساتھ مختلف اہداف کو ایک ساتھ تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تجربہ کے دوران رینج اسٹیشنوں اور الیکٹرو آپٹیکل سسٹم کی مدد سے میزائل کے ٹریک پر نظر رکھی
گئی۔ یہ میزائل 150کلومیٹر تک مار کرنے کا اہل ہے۔
وزیر دفاع نرملا سیتا رمن نے میزائل کامیاب تجربہ کے لئے ڈی آر ڈی او ، فوج اور تمام متعلقہ ایجنسیوں کو مبارکبا دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس میزائل سے ملک کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
تجربہ کے وقت آرمی چیف جنرل بپن راوت، ڈی آر ڈی او کے سربراہ ڈاکٹر جی ستیش ریڈی اور کئی دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔ تمام نے میزائل سے منسلک ٹیم اراکین کو بھی مبارکباد دی۔