نئی دہلی، 29جنوری (یو این آئی) ہندستان اور اسرائیل کے سفارتی تعلقات کے آج 30برس مکمل ہونے کے موقع پر ہندستان کے وزیرخارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر اور ان کے اسرائیلی ہم منصب یایر لیپڈ نے کہاکہ دونوں ممالک کو اپنی پرانی دوستی کے برقرار رکھنے کی سعادت حاصل ہے اور وہ آئندہ بھی ساتھ میں کام کرنا جاری رکھیں گے۔
ایک انگریزی اخبار میں ’نمستے، شیلوم ٹو فرینڈشپ‘ کے عنوان سے مشترکہ کالم میں دونوں رہنماوں نے لکھا ہے کہ دونوں ممالک کو 4000کلومیٹر کی دوری الگ کرتی ہے، لیکن وہ مسلسل سائنس اور دوراندیشی کے ساتھ پانی کے انتظام، اختراعات
اور سیکورٹی سمیت مختلف منصوبوں کے شعبوں میں تعاون کررہے ہیں۔
دونوں لیڈروں نے مزید کہا کہ حالیہ مہینوں میں متحدہ عرب امارات اور امریکہ کے ساتھ ہم نے ایک منفرد سفارتی مذاکرات میں شرکت کی۔
دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے ابراہم معاہدہ کے سلسلہ میں کہا کہ نئے رشتے سے اقتصادی فائدہ ملنے کے ساتھ ہی مغربی ایشیا میں اسٹریٹجک تبدیلی کی شروعات ہورہی ہے، جس کی رسائی ہندستان تک ہورہی ہے۔ گزشتہ برس ہم نے ہندستان، اسرائیل، متحدہ عرب امارات اور امریکہ کے ساتھ مشترکہ منصوبوں پر عملدرآمد کرنے کے لئے ان نئے تعلقات کا استعمال کیا۔