نئی دہلی، 2 جون (یو این آئی) ہندوستان اور اسرائیل نے آج یہاں ہندوستان-اسرائیل ویژن دستاویز کو منظوری دی ہے تاکہ ہر سطح پر دفاعی تعاون کو مضبوط بنایا جاسکے۔
اسرائیل کے وزیر دفاع بینی گینٹز نے جمعرات کو یہاں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی۔ اس دوران ویژن دستاویز کی منظوری کے بعد دونوں فریقین نے مستقبل کی دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے ایک خط کا تبادلہ بھی کیا۔
دونوں وزرائے دفاع نے دفاعی صنعت کے شعبے سے متعلق دو طرفہ، علاقائی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے فوجی سطح پر موجودہ سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ کووڈ وبائی امراض کے چیلنجوں کے باوجود اس میں
اضافہ ہوا ہے۔ دونوں فریقوں نے دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا اور بات چیت میں مستقبل کی ٹیکنالوجی سے متعلق ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ اور دفاعی شعبے میں مشترکہ پیداوار پر خصوصی زور دیا گیا ۔
دونوں ممالک نے باہمی سلامتی کے چیلنجوں اور اسٹریٹجک اور دفاعی امور سے متعلق اپنے تعلقات پر مشترکہ نقطہ نظر کا اظہار کیا۔ دونوں فریقین نے تمام فورم پر تعاون بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایک ویژن دستاویز کو بھی منظوری دی جس کا مقصد ہندوستان-اسرائیل دفاعی تعاون کے موجودہ فریم ورک کو مضبوط بنانا ہے۔ اس کے علاوہ دونوں فریقین نے مستقبل کی دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے ارادے کے خط کا بھی تبادلہ کیا۔