نئی دہلی، 06 ستمبر (ایجنسی) ہندوستان -اسرائیلی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے تحت زرعی شعبے میں تعاون کے تحت بنائے گئے 28 'سینٹر آف ایکسی لینس' کے آس پاس کے پچاس گاووں کو 'ولیج آف ایکسی لینس' کے طور پر تیار کیا جائے گا جہاں زراعت، آبپاشی اور دیہی ترقی کے لئے اسرائیلی ٹیکنالوجی سے علاقے کی شبیہ بدلی جائے گی۔
ہندوستان میں اسرائیل کے سفیر رون ملکا نے آج یہاں بین الاقوامی ملکوں کی رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کی یونین (آئی اے ایف اے سی) کے ساتھ بات چیت کے ایک پروگرام میں یہ معلومات دی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اسرائیلی حکومت کاپانی محکمہ مہاراشٹر میں پانی کے بحران کو ہمیشہ کے لئے دور
کرنے کے لئے ایک تفصیلی منصوبہ تیار کر رہا ہے۔
مسٹر ملکا نے کہا کہ ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان تعلقات مستقبل میں دونوں ممالک کے لئے فائدہ مند ثابت ہونے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان شراکت داری اقتصادی شعبے میں بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے بیچ درمیان زیادہ سے زیادہ شراکت ہو۔
انہوں نے دونوں ممالک کے مالیاتی بازاروں اور مالیاتی ریگولیٹرز کے درمیان بھی شراکت کی وکالت کی اور کہا کہ تل ابیب اور ممبئی میں شیئر بازاروں کے سی ای او اور دونوں سنٹرل بینکوں کے گورنروں کے درمیان رابطہ اور تال میل ہونا چاہئے۔