نئی دہلی/لیہ، 28جون (یو این آئی) وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے آج چین کا نام لئے بغیر کہا کہ ہندستان امن کے حق میں ہے اور کبھی کسی پر حملہ نہیں کرتا لیکن اسے کسی کا آنکھ دکھانا منظور نہیں ہے اور اس کی فوج ہر طرح کے چیلنج کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے فوج کے سربراہ منوج مکند نروانے کے ساتھ لیہ اور لداخ کے تین دن کے دورہ پر گئے مسٹر سنگھ نے پیر کو لداخ کے کارو آرمی اسٹیشن کی 14ویں کور کے حکام اور جوانوں سے بات کی۔بعد میں انہیں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے گزشتہ برس چینی فوجیوں کے ساتھ پرتشدد تصادم میں شہید ہوئے ملک کے فوجیوں کو خراج عقیدت دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں سب سے پہلے ان تمام جوانوں کو سلام کرتا ہوں جنہوں نے جون 2020میں ’گلوان وادی‘ میں ملک کے لئے اپنی جان کی قربانی دی۔ میں یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ ملک ان کی قربانیوں
کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ انہوں نے فوج کی طرف سے اس دوران دکھائی گئی بہادری کی تعریف کی اور کہاکہ ملک کو اس پر فخر ہے۔
وزیر دفاع نے کہاکہ ہندستان پڑوسی ممالک کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ مسائل کا حل نکالنے کی خواہش رکھتا ہے لیکن ملک کی حفاظت کے ساتھ کسی بھی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم عالمی امن کے پجاری ہیں۔ ہم ہتھیار بھی اٹھاتے ہیں تو امن کے قیام کے لئے۔ ہندستان نے آج تک کسی بھی ملک پر نہ تو حملہ کیا ہے نہ ہی کسی بھی ملک کی ایک انچ زمین پر ہم نے قبضہ کیا ہے۔ پڑوسی ممالک کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ مسائل کا بات چیت کے ذریعہ حل نکالنے کی کوشش کی جانی چاہئے۔ ارادہ واضح ہونا چاہئے۔ ہم نہ تو کسی کو آنکھ دکھانا چاہتے ہیں نہ کسی کا آنکھ دکھانا منظور ہے۔ ہماری فوج میں ہر چیلنج کا منہ توڑ جوا ب دینے کی صلاحیت ہے۔