نئی دہلی، 28 اکتوبر (یو این آئی) مشرقی لداخ میں چین کے ساتھ جاری تنازع کے درمیان ایئر فورس کو فرانس سے مزید تین رافیل لڑاکا طیارے ملنے والے ہیں، جس سے اس کے پاس مجموعی طور پر آٹھ رافیل طیارے ہوجائیں گے -
ذرائع کے مطابق، فضائیہ کو 5 نومبر کو فرانس سے مزید تین رافیل لڑاکا طیارے ملنے جارہے ہیں، جس سے فضائیہ کے بیڑے میں رافیل طیاروں کی تعداد آٹھ ہوجائے گی کیونکہ اسے پہلے ہی پانچ طیارے مل چکے ہیں۔ ان طیاروں کو انبالہ ایئر فورس اسٹیشن میں منعقدہ ایک تقریب میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور ان کے فرانسیسی ہم منصب کی موجودگی میں ایئر فورس کے بیڑے میں شامل کیا گیا تھا-
ہندوستان نے سن 2016 میں فرانس کے ساتھ
تقریبا 59000 کروڑ روپئے کے 36 رافیل طیاروں کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
فضائیہ کو رواں ماہ میں چار سے پانچ رافیل طیارے فراہم کرنا تھے لیکن کچھ تکنیکی وجوہات کی وجہ سے اس کی فراہمی نہیں ہوسکی اور اب بتایا گیا ہے کہ 5 نومبر کو تین طیارے ایئر فورس کے حوالے کردیئے جائیں گے۔
رافیل کے فضائیہ کے جنگی طیاروں کے بیڑے میں شامل ہونے سے فضائیہ کی طاقت اور جنگ کی طاقت دونوں میں اضافہ ہوا ہے۔ فضائیہ کو ایک طویل عرصے سے لڑاکا طیاروں کی قلت کا سامنا ہے اور اس کے اسکواڈرن کی تعداد میں کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ رافیل طیاروں کی آمد کے بعد ، یہ دعوی کیا جارہا ہے کہ فضائیہ کسی بھی صورتحال سے بیک وقت دو محاذوں سے نمٹ سکتی ہے۔