نئی دہلی/1مارچ(ایجنسی) ہندوستان اور اردن نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی ، سائبر سکیورٹی، ٹریننگ ، دفاعی پیداوار سمیت دفاعی شعبے میں وسیع تعاون کی پارٹنرشپ کے معاہدے سمیت 12 سمجھوتوں پر آج دستخط کئے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور اردن کے شاہ عبداللہ دوئم بن الحسین کے درمیان یہاں حیدرآباد ہاؤس میں وفود کی سطح کی دو طرفہ ملاقات میں ان معاہدوں پر دستخط کئے گئے ۔ اس موقع پر وزیر خارجہ سشما سوراج، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال، خارجہ سکریٹری وجے گوکھلے موجود تھے۔
start;"="">دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت دونوں ملکوں نے ٹریننگ ، دفاعی پیداوار، انسداد دہشت گردی مہم، فوجی مطالعات، سائبر سکیورٹی، فوجی میڈیکل سروسز اور قیام امن کی مہمات میں تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈروں کو ویزے سے چھوٹ دینے، ثقافتی تبادلے، اردن میں معاہدہ پر کام کرنے والے ہندوستانی ملازمین کے مفادات کے تحفظ کے لئے انسانی وسائل کے شعبے میں تعاون بڑھانے،صحت و ادویات ، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں اردن میں ایک سینٹر آف ایکسلینس قائم کرنے، فاسفیٹ اور کھاد کی سپلائی ، سرحدی چنگی اور ٹیکس میں تعاون، آگرہ اور پیٹرو شہر کے درمیان دوستی معاہدہ ، پرسار بھارتی اور اردن ٹی وی کے درمیان تبادلے اور اردن یونیورسٹی میں ہندی زبان کی مطالعہ کے قیام کے مفاہمت ناموں پر بھی دستخط کئےگئے۔