پیرس، 5 مئی (یو این آئی) ہندوستان اور فرانس نے خلائی اور سائبر شعبوں میں دوطرفہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ نظام قائم کرنے اور مختلف شعبوں میں خود انحصار ہندوستان مہم میں فرانس کے زیادہ سے زیادہ کردار کے لئےطریقے تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے وزیر اعظم نریندر مودی اور فرانس کے صدر امانوئل میکرون کی بدھ دیر شام میں ہوئی ملاقات کے بعد جاری ایک مشترکہ بیان میں یہ اطلاع دی گئی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں عصری عالمی اور علاقائی مسائل پر بھی اہم بات چیت ہوئی اور دونوں فریقین نے یوکرین میں جنگ کے فوری خاتمے اور وہاں انسانی امداد فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور افغانستان میں ایک ایسی حکومت کے قیام پر زور دیا جس میں تمام لوگ شامل ہوں۔
مشترکہ
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سائنسی اور تکنیکی تعاون کی عظیم روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے، ہندوستان اور فرانس خلا کے میدان میں آنے والے عصری چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور سب کے لیے خلا تک محفوظ رسائی کو یقینی بنانے کے لیے ہندوستان اور فرانس خلاسے متعلق معاملات پر دوطرفہ اسٹرٹیجک ڈائیلاگ قائم کرنے پر متفق ہوئے ہیں۔
بیان کے مطابق اس دوطرفہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے قیام سے خلائی اور دفاعی ایجنسیوں، انتظامیہ اور بیرونی خلا میں سیکورٹی اور اقتصادی چیلنجز کے ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جائے گا۔ خلا سے متعلق قانون اور اصولوں کے نفاذ سے تعاون کے نئے شعبوں کا انکشاف ہوگا۔ دونوں فریقین نے اس کی پہلی میٹنگ اسی سال منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔