نئی دہلی، 16 جون (یو این آئی) ہندوستان نے جمعرات کو آسیان ممالک کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو ڈی سینٹرلائزڈ گلوبلائزیشن اورپائیدارو قابل بھروسہ سپلائی چین کو یقینی بنانے کے لئے اہم قراردیا اور اس کے لئے موجودہ حالات کے مطابق نئی ترجیحات طے کرنے اور ان کے جلد نفاذ پر زور دیا۔
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے آج یہاں آسیان انڈیا وزرائے خارجہ کی خصوصی میٹنگ کی شریک صدارت کرتے ہوئے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ اگرچہ کووڈوبا ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی ہے، لیکن کووڈ کے بعد کی بحالی کی کوششوں کے تحت کئی مسائل پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ یوکرین میں پیش رفت کے بعد پیدا ہونے والی
جغرافیائی سیاسی صورتحال کی وجہ سے یہ راستہ مزید مشکل ہو گیا ہے۔ خوراک اور توانائی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ کھادوں اور ضروری اشیاء کی قیمتیں متاثر ہو رہی ہیں، لاجسٹکس اور سپلائی چین میں خلل پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آسیان علاقائیت، کثیرالجہتی اور عالمگیریت کے حق میں ہمیشہ پرچم بردار رہا ہے۔ آسیان نے ہندوستانی بحرالکاہل میں اسٹریٹجک اقتصادی ڈھانچہ کی مضبوط بنیاد رکھنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ موجودہ جغرافیائی سیاسی چیلنجوں اور عالمی غیر یقینی صورتحال کے درمیان آج آسیان کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ ہندوستان ایک مضبوط، متحد اور خوشحال آسیان اور ہند-بحرالکاہل خطے میں اس کے مرکزی کردار کی مکمل حمایت کرتا ہے۔