نئی دہلی، 15 اگست (ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی نے لوگوں سے سیاست سے اوپر اٹھ کر ملک کے مفاد میں کام کرنے پر زور دیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ترقیاتی کاموں میں ہاتھ بٹانے کی جمعرات کو اپیل کی اور کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے 100 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی، لیکن اب آبادی میں اضافہ کو روکنے کے لئے سماج میں عوامی بیداری پھیلانا ضروری ہو گیا ہے۔
انہوں نے جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کو ہٹا کر سردار پٹیل کے خواب کو پورا کرنے اور ’ایک ملک، ایک آئین‘ لاگو کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ70
سال میں جو نہیں ہوا وہ70 دنوں میں کیا گیا ہے ، تین طلاق جیسی رسم کو بھی ختم کیا گیا اور غربت دور کرنے کے لئے ضروری قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔
مسٹر مودی نے 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر تاریخی لال قلعہ کی فصیل سے ملک کی فوج کو مضبوط بنانے کے لئے تینوں افواج کے لیئے ایک نئے سپہ سالار کا عہدہ شروع کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ عوام کے خواب کو پورا کرنے اور 21 ویں صدی کے ہندوستان کے بارے میں غور کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال پہلے لوگ سوچتے تھے کیا ملک بدل سکتا ہے، لیکن اب لوگ کہہ رہے ہیں ملک اب بدل رہاہے۔