لاہور/18اگست(ایجنسی) پاکستان کو ایک روزہ کرکٹ میں عالمی کپ کاتحفہ دلانے والے عمران خان آج باضابطہ طورپر ملک کے وزیر اعظم بن گئے ہیں۔ وہ پاکستان کے بائیسویں وزیر اعظم ہیں۔عمران خان پانچ اکتوبر 1952ء کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔
انہیں بچپن سے ہی کرکٹ میں دلچسپی تھی۔ عمران خان نے نوجوانی میں ہی اپنی صلاحیتوں کو لوہا منواتے ہوئے اپنی
شخصیت سے کرکٹ کی دنیا میں ایک نیا گلیمر متعارف کرایا۔ اب بھی ان کا شمار دنیائے کرکٹ کے کامیاب ترین کپتانوں میں ہوتا ہے۔
عمران خان کی قیادت میں پاکستان قومی کرکٹ ٹیم نے سن 1992ء میں عالمی کرکٹ ورلڈ کپ جیتا۔ وہ خود کہتے ہیں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی اس کامیابی کے باعث ہی وہ پاکستان میں پہلا کینسر ہسپتال بنانے میں کامیاب ہوئے۔ سن 1996ء میں عمران خان نے سیاسی جماعت "پاکستان تحریک انصاف" کی بنیاد رکھی تھی۔