ذرائع
نئی دہلی: کرکٹ کی تاریخ میں کچھ ایسی کارکردگیاں ہیں جو شائقین اورمداحوں کے ذہنوں پر نقش چھوڑجاتی ہیں۔ ہندوستانی فاسٹ بولر محمد شامی نے 2023 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں بھی ایسا ہی جادو کیاتھا۔ ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں پلیئنگ الیون میں جگہ نہ ملنے کے باوجود انہوں نے اپنی چھاپ چھوڑی۔ دھرم شالہ میں نیوزی لینڈ کے خلاف لیگ میچ سے ٹورنامنٹ کا آغاز کیا اور پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ سات میچوں میں 24 وکٹیں لے کر وہ نہ صرف ٹورنامنٹ کے سب سے کامیاب بولر تھے بلکہ ورلڈ کپ میں ہندوستان کے سب سے کامیاب بولر بھی بن گئے۔ ورلڈ کپ کے دوران شامی کو ٹرولز نے نشانہ بنایا، جو غلط فہمی کا شکار ہوئے۔ اب شامی نے اپنے ناقدین پر سخت جوابی حملہ کیا ہے۔
دراصل ایک خانگی ٹی وی چینل نے سوال کیاکہ سری لنکا کے خلاف پانچ وکٹیں لینے کے بعد آپ میدان میں سجدہ کرنا چاہتےتھے۔ آپ سری لنکا کے خلاف پانچ وکٹیں لے کر زمین پر بیٹھ گئے، سوشل میڈیا پر پاکستان کے لوگ آکر کہتے
ہیں کہ دیکھو وہ سچا مسلمان ہے۔ سجدہ کرنا چاہتا ہے مگر ڈرتا ہے۔ ڈر کی وجہ سے انڈیا میں نہیں کر سکا۔ اس سوال کے جواب میں محمد شامی نے جو کہا وہ آپ کا دل جیت لے گا۔ انہوں نے کہاکہ میں تمہارے مذہب سے کسی کو نہیں روکوں گا۔ تم میرے مذہب میں کسی کو نہیں روکو گے۔ اگر مجھے کرنا ہے تو میں کروں گا... اس میں کیا حرج ہے؟ میں مسلمان ہوں، میں فخر سے کہتا ہوں کہ میں مسلمان ہوں۔ میں فخر سے کہتا ہوں کہ میں ہندوستانی ہوں۔ بھائی اگر مجھے کوئی مسئلہ تھا تو مجھے یہاں ہندوستان میں نہیں رہنا چاہیے تھا۔ اگر مجھے اپنا سجدہ کرنے کے لئے کسی اور کی اجازت درکار ہوتی تو میں یہاں کیوں رہوں گا؟ لوگوں نے بہت اعتراض کیا... میں نے انسٹاگرام، ٹوئٹر پر بھی بہت سی چیزیں دیکھی جو میں سجدہ کرنا چاہتا تھا اور میں نے نہیں کیا۔ ارے بھائی، کیا میں نے پہلے کبھی ایسا کیا ہے؟ میں اس سے پہلے بھی پانچ وکٹیں لے چکا ہوں۔ میں نے سجدہ نہیں کیا لیکن جس دن مجھے سجدہ کرنا ہے میں کروں گا۔