نئی دہلی، 6 دسمبر (یو این آئی) مر کزی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ ہندوستان اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون سے پورے خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام آئے گاہندوستان اور روس کے وزرائے دفاع اور خارجہ کے درمیان پیر کو یہاں پہلی وزارتی سطح کی ٹو پلس ٹو مذاکرات سے قبل روس کے وزیردفاع سرگئی شوئیگو کے ساتھ یہاں سشما سوراج بھون میں دو طرفہ میٹنگ کے بعد مسٹر سنگھ نے یہ بات کہی ملاقات کے بعد مسٹر سنگھ نے کہا کہ روسی وزیر دفاع کے ساتھ ان کی دفاعی تعاون کے شعبے میں نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ۔
مرکزی وزیر دفاع نے یہ بھی کہا ہندوستان روس کے ساتھ خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
مسٹرسنگھ نے کہا کہ ہندوستان روس کی طرف سے مل رہی مضبوط حمایت کی دل کی گہرائیوں سے ستائش کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ہمارا تعاون پورے خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام لائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ اس بات چیت کے دوران چھوٹے ہتھیاروں اور فوجی تعاون سے متعلق معاہدوں اور پروٹوکول پر دستخط کئے گئے ۔
اس سے قبل مسٹر سنگھ نے یہاں سشما سوراج بھون میں روسی وزیر دفاع کا استقبال کیا۔