سری نگر،25 اپریل (یو این آئی) پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ ملک میں مسلم اقلیتی فرقے کے گھروں اور روزگار کو برباد کیا جا رہا ہے جبکہ ہمارے وزیر اعظم کچھ بھی نہیں کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ملک کے کروڑوں مسلمان سہمے ہوئے ہیں اور جموں وکشمیر کے نوجوانوں کے مستقبل کا بھی بھیڑا غرق کر دیا گیا ہے ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کی بجلی سے ملک بھر کے کارخانے اور گھر چلتے ہیں لیکن خود ہم ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں بھی اندھیرے میں ہیں۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران
کیا۔
انہوں نے کہا: ’ہمارا ملک سب سے بڑا سیکولر ملک ہے لیکن اس میں مسلم اقلیتی فرقے کے لوگوں کے گھروں اور روز گار کو برباد کیا جا رہا ہے جبکہ ہمارے وزیر اعظم کچھ بھی نہیں کر رہے ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا: ’کروڑوں مسلمان سہمے ہوئے ہیں اور وزیر اعظم کے گھر کے باہر جہانگیر پوری میں تنازعہ چل رہا ہے اور عدالت عظمیٰ کے حکمنامے کی بھی تعمیل نہیں کی جا رہی ہے‘۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ کشمیر کے نوجوانوں کے مستقل کا بھیڑا غرق کر دیا گیا اور ان پر اب پی ایس اے کے بجائے یو اے پی اے لگا دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے روزگار اور کاروبار باہر کے لوگوں کو دیا جا رہا ہے۔