نئی دہلی،28 فروری (یواین آئی)یوکرین میں پھنسے ہندوستانیوں کو صحیح سلامت نکالنے کی مہم کے تحت 240 لوگوں کو لے کر ہنگری کے دارالحکومت بوڈاپیسٹ سے چھٹی پرواز پیر کو دہلی کےلئے روانہ ہوئی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اپنے ٹویٹ میں کہا،’’بوڈاپیسٹ سے 240 ہندوستانی شہریوں کو لے کر چھٹی پرواز دہلی کےلئے روانہ ہوئی اس سے پہلے رومانیہ کے دارالحکومت بوکاریسٹ سے یوکرین سےنکالے گئے 249 ہندوستانی شہریوں کو لے کر پانچویں پرواز آج دہلی پہنچی۔ اب تک پانچ پروازیں قریب ایک ہزار سے زیادہ ہندوستانیوں کو یوکرین سے
نکال چکی ہیں۔ان میں سے چار پروازیں دہلی اور ایک پرواز ممبئی میں اتری ہے۔
اس دوران یوکرین اور روس کے درمیان جاری لڑائی میں ہر روز خراب ہوتے ہوئے حالات کے درمیان وہاں پھنسے ہندوستانی طلبہ کو محفوظ نکالنے کے کام میں تال میل کےلئے حکومت نے چار مرکزی وزرا کو یوکرین کے پڑوسی ملکوں میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان میں مکانات اور شہری ترقی کے وزیر ہردیپ پوری،شہری ہوابازی کے وزیر جیوترآدتیہ سندھیا ،قانون و انصاف کے وزیر کرن ریجیجو اور سابق فوجی سربراہ اور ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر مملکت جنرل وی کے سنگھ شامل ہیں۔