پٹنہ ، 26 مارچ (یو این آئی) وقف ترمیمی بل کو مسلمانوں کی وقف جائداد ہڑپنے کی سازش قرار دیتے ہوئے آل انڈیا مسلم پر سنل لابورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی نے کہا کہ یہ بل عدل وانصاف کے تقاضوں کے قطعی خلاف ہے ، ہم سب اس ظالمانہ وقف بل کے خلاف ہیں اور واپس لیے جانے تک تحریک چلائیں گے اس عزم کا اظہار انہوں نے آل انڈیا مسلم پر سنل لابورڈ کے بینر تلے بہار کی تمام ملی جماعتوں کے اشتراک سے منعقدہ احتجاجی دھرنا کی صدارت کرتے ہوئے
کیا۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ حکومت بہار سے کہا کہ آپ کے گرد کچھ ایسے مسلم دانشور گشت کرتے رہتے ہیں جو آپ کو غلط مشوروں کے ذریعہ گمراہ کر رہے ہیں وہ نہ پارٹی کے وفادار ہیں اور نہ ہی آپ کے ، وہ صرف کرسی واقتدار کے حریص ہیں، ایسے چہروں کو پہچانیے اور ہوشیار رہیے اور وقف ترمیمی بل پر اپنے سیکولر موقف کو واضح کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے حمایت واپس لیجئے۔ انہوں نے مسلمانوں سے کہا کہ جمعۃ الوداع کے دن سیاہ پٹی باندھ کر اس کالے قانون کے خلاف احتجاج درج کرائے۔