نئی دہلی،6ستمبر(ایجنسی)وزیراعظم نریندرمودی نے ملک کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تاریخی سفر پر گئے چندر یان 2کے چاند کے قطب جنوبی پر اترنے کے خاص لمحوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں اور اس کی تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کریں جنہیں وہ خود ری ٹویٹ کریں گے۔
وزیراعظم خود بھی اسرو کے بینگلورو ہیڈکوارٹر میں سائنس دانوں کے ساتھ اس تایخی لمحے کے گواہ بنیں گے۔ان کے ساتھ ملک بھر کے اسکولوں کے تقریباً 70طلبہ بھی ہوں گے۔آٹھویں سے لے کر 10ویں تک کے ان طلبہ کا انتخاب ایک کویز کے ذریعہ کیا گیا ہے۔
مسٹر مودی نے چندریان 2مشن کے سلسلے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے سلسلہ وار ٹویٹ کئے ہیں۔انہوں نے لکھا ہے،’’جس
لمحے کا 130کروڑ ہندوستانیوں کو بے صبری سے انتظار تھا وہ آگیا ہے۔اب سے کچھ گھنٹے بعد چندریان 2چاند کےقطب جنوبی پر اترے گا۔ہندوستان اور دنیا ایک بار ہمارے خلائی سائنس دانوں کی غیر معمولی طاقت اور مہارت کو دیکھے گی۔‘‘
انہوں نے آگے لکھا ہے،’’اسرو کے بینگلورو سینٹر پر ہندوستانی خلائی پروگرام کی تاریخ کے اس غیر معمولی لمحے کا گواہ بننے کےلئے بےحد پرجوش ہوں۔مختلف ریاستوں کے نوجوان بھی ساتھ میں ہوں گے۔کچھ نوجوان بھوٹان سے بھی آئے ہیں۔ان نوجوانوں نے اسرو کا اسپیس کویز جیت کر یہ موقع حاصل کیا ہے۔اس کویز میں بڑی تعداد میں نوجوانوں کی حصہ داری سے سائنس میں ان کی دلچسپی کا پتہ چلتا ہے۔یہ بڑا اشارہ ہے۔‘‘