نئی دہلی ، 24 جون (یو این آئی) کانگریس صدر سونیا گاندھی نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوردنی تیل ، دالوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی آسمانوں چھوتی قیمتوں نے عام لوگوں کی کمر توڑ دی ہے۔
جمعرات کو یہاں کانگریس کے انچارج جنرل سکریٹریوں اور سکریٹریوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسز گاندھی نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہاہے جس کی وجہ سے خوردنی تیل ، دالوں اور ضروری اشیا کی قیمتیں عام لوگوں کے دسترس سے باہر ہوتے جارہے ہیں۔
انہوں نے کورونا کی دوسری لہر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وبا نے بےشمار خاندانوں کو تباہ کردیا ۔ اس وبا نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ وبائی مرض میں لاکھوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس تباہی کی وجہ سے ان گنت خاندان اپنے پیاروں کو کھو چکے ہیں۔