نئی دہلی، 31مئی (یو این آئی) دہلی ہائی کورٹ نے پیر کو اس مفاد عامہ کی عرضی کو خارج کردیا جس میں قومی راجدھانی میں سنٹرل وسٹا پروجیکٹ پر جاری تعمیرات سے متعلق سرگرمیوں پر روک لگانے کی درخواست کی گئی تھی۔
چیف جسٹس ڈی این پٹیل اور جج جیوتی سنگھ پر مشتمل بنچ نے اس پروجیکٹ پر روک لگانے کے لئے دائر مفاد عامہ کی عرضی کو خارج کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس پروجیکٹ پر روک نہیں لگے گی اور یہ قومی اہمیت کا
حامل پروجیکٹ ہے۔
بنچ نے یہ بھی کہا کہ اس پروجیکٹ سے منسلک تعمیراتی سرگرمیوں پر دہلی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (ڈی ایم ایم اے) نے کبھی بھی کوئی سوالیہ نشان نہیں لگایا اور حکومت نے بھی یہ یقینی کیا تھا کہ اس کام میں لگے مزدور تعمیراتی مقام پر رہیں اور کووڈ پروٹوکول پر عمل کررہے ہیں۔ بنچ نے کہاکہ تعمیراتی مقام پر مزدور رہ رہے ہیں تو کووڈ کے مدنظر اس تعمیراتی کام کو روکے جانے کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔