اترکاشی / دہرادون ، 21 اگست (ایجنسی) اتراکھنڈ کے ضلع اترکاشی میں بدھ کے روز قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچاکر واپس آنے والے ہیلی کاپٹر کے حادثہ کا شکار ہونے سے پائلٹ ، شریک پائلٹ سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔
سرکاری ترجمان نے بتایا کہ ہیرٹیج کمپنی کا ہیلی کاپٹر آج صبح اترکاشی کی تحصیل موری کے قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچانے کے بعد واپس آتے ہوئے آراکوٹ کے قریب تار سے بچنے کی کوشش میں پہاڑ سے ٹکرا گیا۔ اس حادثے میں پائلٹ کیپٹن لال ،معاون
پائلٹ کیپٹن شیلیش اور گاؤں کھرسالی کے راج پال رانا کی موت ہوگئی۔
کہا جاتا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے گرتے ہی اس میں آگ لگ گئی۔ حادثے کے بارے میں اطلاع ملنے کے بعد ، ریاستی ڈیزاسٹر ریلیف فورس کی دس رکنی ٹیم موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پالیا۔ جاں بحق افراد کی لاشیں تاحال بازیاب نہیں ہوسکی ہیں۔ خراب موسم کی وجہ سے امدادی کاموں میں رکاوٹ پڑ رہی ہے۔
وزیر اعلی تریویندر سنگھ راوت نے سیکرٹریٹ میں واقع ڈیزاسٹر ریلیف سنٹر پہنچ کر تمام جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو ، 15، 15 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔