مکہ المکرمہ،10اگست(ایجنسی)حج کے رکن اعظم وقوف کے لئے لاکھوں عازمین کی میدان عرفات آمد جاری ہے۔
سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین منیٰ سے میدان عرفات پہنچ رہے ہیں، گزشتہ روز منیٰ میں قیام کے بعد عازمین آج صبح 9 ذی الحج سے میدان عرفات روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کریں گے اور حج کا خطبہ سنیں گے۔
وقوف عرفات کے دوران مسجد
نمرہ میں خطبہ حج ہوگا جس کے بعد نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کی جائے گی، سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار عازمین حج مسلسل تین روز تک 3 خطبہ سنیں گے۔
ان میں پہلا خطبہ گزشتہ روز جمعہ کا خطبہ سنا گیا تھا ، دوسرا خطبہ آج خطبہ حج ہوگا جبکہ تیسرا خطبہ کل نماز عید الاضحٰی کا سنا جائے گا۔
عازمین حج غروب آفتاب کے ساتھ ہی میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ نماز مغرب اور عشاء ایک ساتھ ادا کریں گے۔