نئی دہلی، 30 جولائی (یو این آئی) وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے اپوزیشن ممبروں کے شدید احتجاج کے درمیان آج لوک سبھا میں بیمہ کمپنیوں کا کاروبار بڑھانے کے لئے وسائل مہیا کرنے کا کام آسان بنانے والا 'عمومی بیمہ کاروبار (نیشنلائزیشن) ترمیمی بل، 2021' پیش کی پریزائیڈنگ اسپیکر راجندر اگروال نے جیسے ہی اس بل کو پیش کرنے کے لئے وزیر خزانہ کا نام لیا، تو پیگاسس اور مہنگائی جیسے مسائل پر پہلے سے ہنگامہ کرنے والے اپوزیشن اراکین کا ہنگامہ یک لخت تیز ہوگیا۔ محترمہ سیتارمن نے اس بل کو زبردست ہنگامہ کے درمیان ہی پیش کردیا۔
آر ایس پی کے این کے پریم چندرن نے اس بل کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں کام معمول پر نہیں ہورہا ہے،
پھر بھی حکومت ایسے اہم بل لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشورنس بل میں ترمیم کرکے حکومت انشورنس کمپنیوں کی نجکاری کر رہی ہے اور یہ ملک کی انشورنس کمپنیوں کے لئے خطرناک ثابت ہوگی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یہ بل واپس لیا جائے۔
محترمہ سیتارمن نے کہا کہ مسٹر پریم چندرن کا یہ کہنا درست ہے کہ ایوان نہیں چل رہا ہے اور وہ بھی یہی کہتی ہیں کہ ایوان کو چلنا چاہئے اور جو ممبران ہنگامہ کر رہے ہیں انہیں اس بل کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پر بحث کرنی چاہئے۔ انہوں نے بل کے ذریعے سرکاری شعبے کی کمپنیوں کی نجکاری کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بل کے ذریعے سرکاری شعبے کی انشورینس کمپنیوں کو مزید بااختیار بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔