نئی دہلی، 30 جنوری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے عالمی کساد بازاری کے پیش نظر ملک کے معاشی مسائل پر وسیع پیمانے پر غوروخوض کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ حکومت پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن میں تمام مسائل پر بحث کے لیے تیار ہے۔
مسٹر مودی نے بجٹ سیشن سے پہلے کل جماعتی اجلاس میں کہا کہ پارلیمنٹ کی کاروائی چلانے کی ذمہ داری تمام اراکین پارلیمنٹ کی ہے اور بجٹ سیشن کے دوران حکومت تمام ایشوز پر بحث کے لیے تیار ہے۔ پارلیمنٹ کا بجٹ سیشن کل صدر کی تقریر کے ساتھ شروع ہوگا اور یکم فروری کو عام بجٹ پیش کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا،’ ہمیں موجودہ عالمی منظرنامے کو
ہندوستان کے حق میں کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کرنا چاہیے۔ اس بجٹ سیشن میں اور نئے سال کے آغاز میں اگر ہم ملک کی معیشت کو مناسب سمت دے سکے تو یہ ملک کے حق میں ہوگا‘۔
اجلاس کے بعد پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے صحافیوں سے کہا کہ وزیر اعظم نے معاشی مسائل پر تفصیل سے بحث کرنے اور موجودہ عالمی معاشی منظرنامے میں ہندوستان کے مفادات پر غور و خوض کیے جانے کی بات کہی ہے۔ مسٹر جوشی نے کہا کہ بجٹ سیشن میں حکومت کم از کم 45 بل پیش کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون (سی اےا ے) پارلیمنٹ میں باضابطہ طور پر پاس کیا ہے اور اپوزیشن کو اس پر غوروخوض کرنے کی ضرورت ہے۔