نئی دہلی، 30جنوری (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے تحریک چلا رہے کسانوں کو بات چیت کی پیشکش دہراتے ہوئے آج کہا کہ حکومت زرعی اصلاحات قوانین کے معاملہ میں اپنی 22جنوری کی تجویز پر اب بھی قائم ہے اور وزیر زراعت کو ایک فون کال کرکے بات چیت کو بڑھایا جاسکتا ہے۔
مسٹر مودی نے یہ بات یہاں پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے موقع پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کل جماعتی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کھلے دماغ سے زرعی قوانین کے معاملہ پر غور کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کا موقف ویسا ہی ہے جیسا 22جنوری کو تھا
اور وزیر زراعت نریندر سنگھ کی طرف سے پیش کی گئی تجویز اب بھی قائم ہے۔ انہوں نے دہرایا کہ وزیر زراعت کو صرف ایک فون کال کرکے بات چیت کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مسٹر تومر نے کسانوں سے جو کہا اسے ہم دہرانا چاہتے ہیں۔ ہم نے کہا ہے کہ ہم عام رضامندی تک نہیں پہنچ رہے ہیں لیکن ہم آپ کو تجویز دے رہے ہیں کہ آپ غور و خوض کرسکتے ہیں۔ میں صرف ایک فون کال کی دوری پر ہوں۔ حکومت کی تجویز اب بھی وہی ہے۔ مہربانی کرکے اسے اپنے پیروکاروں تک پہنچائیں۔ اس کا حل بات چیت کے ذریعہ ہی نکلے گا۔ ہم تمام کو قوم کے بارے میں سوچنا چاہئے۔