نئی دہلی،26 اکتوبر(یواین آئی) کانگریس صدر سونیا گاندھی نے پیر کو مودی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے جمہوری تنظیموں کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ تنظیموں کے ذریعہ سے مخالفین کی آواز دبانے کا کام کررہی ہے محترمہ گاندھی نے آج ایک انگریزی روزنامے میں شائع اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت جمہوریت ستون پر حملے کر کے انہیں خراب کرنے میں لگی ہے اور جمہوریت کو مضبوط کرنے والی ہر تنظیم کا استعمال اپوزیشن پر حملہ کرنے کےلئے کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت خطرے میں
آگئی ہے۔ ملک کی معیشت شدید بحران میں پھنس گئی ہے اور حکومت اس سے ابرنے کی کوشش کرنے کے بجائے جمہوری تنظیموں کا غلط استعمال کر کے مخالفین پر حملہ کررہی ہے۔ اظہار رائے کی آزادی چھینی جارہی ہے اور جمہوری نطام کو مضبوط کرنے والی تنظیمون کا غلط استعمال ہورہا ہے۔
کانگریس صدر نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے پورے نظام کو ہی برباد کردیا ہے۔ تفتیشی ایجنسیوں کا استعمال اپوزشین کو ڈرانے اور دھمکانے کےلئے کیا جارہا ہے۔ حکومت کا نشانہ اپوزیشن کے رہنما ہیں اور مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) اور آئی این اے جیسی تفتیشی ایجنسیاں وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے اشارے پر کام کررہی ہیں۔