داہود (گجرات)، 10 مئی (یو این آئی) کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے آج الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی وزارت اعلیٰ کے دور کے ’گجرات ماڈل‘ کو پورے ملک میں لاگو کرتے ہوئے دو ہندوستان بنا دیے ہیں مسٹر گاندھی نے مودی کی آبائی ریاست گجرات کے قبائلی ضلع داہود میں ’ادیواسی جن ادھیکار ریلی‘ سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہا’’ مسٹر مودی نے 2014 میں وزیر اعظم بننے سے پہلے جس طرح سے گجرات میں کام کیا،اسی طرح پورے ہندوستان میں کام کر رہے ہیں۔ اور جسے گجرات ماڈل کہا جاتا تھا آج پورے ملک میں لاگو کررہے ہیں ۔ وہ دو ہندوستان بنا رہے ہیں ۔ اس
میں ایک امیروں اور صنعت کاروں کے لیے ہے جنہیں ہرسہولت دستیاب ہے اور ان کے لیے کوئی قاعدہ یا قانون نہیں ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ دوسرا ہندوستان ایسا ہے جس میں عام لوگ ہیں اور انہیں صحت، تعلیم اور کسی طرح کی کوئی سہولت نہیں ہے۔ مسٹر گاندھی نے کہا کہ کانگریس ایسے دو ہندستانوں کے خلاف ہے ۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی جب اقتدار میں تھی ، تواس نے قبائلیوں ، غریبوں، کسانوں وغیرہ کے لیے حصول اراضی کے قانون اور منریگا جیسے التزام کیے تھے۔ بی جے پی حکومت قبائلیوں کی زمین اوردیگر وسائل چھین کر چند صنعت کاروں کو ان کے مفاد کے لئے دے رہی ہے۔