نئی دہلی،3 فروری (یو این آئی) حکومت نے آج راجیہ سبھا کو یقین دہانی کرائی کہ کورونا وباء سے متاثر خلیجی ممالک میں کام کرنے والے ہندوستانیوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے وہ ترجیحی بنیادوں پر ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی خود اس سلسلے میں ان ممالک میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ مسلسل بات کر رہے ہیں وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے جمعرات کو راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت کے پاس اس طرح کے کوئی اعداد
وشمارنہیں ہیں کہ کتنے لوگوں کی کتنی اجرت بقایا ہے، لیکن ان لوگوں کے تمام مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطح پر ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ان ورکروں کی تعداد نہیں ہے جن کی اجرتیں واجب الادا ہیں لیکن میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ملازمتوں کی بحالی، اجرتوں کی ادائیگی اورورکروں کے مفادات کا تحفظ خلیجی ممالک میں واقع ہمارے سفارت خانوں کی اولین ترجیح ہے ۔ ہم اس سلسلے میں ان ممالک سے سفارتی سطح پراعلیٰ قیادت کے ساتھ بات کر رہے ہیں۔