نئی دہلی ، 12 اگست (یو این آئی) حکومت نے جمعرات کو ایوان بالا راجیہ سبھا کے چیئرمین سے مانسون سیشن کے دوران پارلیمانی وقار اور اقدار کو شرمسار کرنے پر اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا آٹھ حکومتی وزراء نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اپوزیشن پارٹی کے ارکان کارروائی کے خوف سے مارشلز سے جھگڑوں اور ہاتھا پائی کے جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں اور ملک کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پہلے دن سے ہی پارلیمنٹ کی کارروائی نہیں چلنے دینا چاہتی تھی ، خاص طور پر ایوان بالا راجیہ سبھا میں ، وہ کافی جارحانہ تھے اور انہوں نے اس دوران
چیئر پر بے بنیاد الزامات لگائے۔ وزراء نے چیئرمین پر زور دیا ہے کہ وہ ایوان میں 4 ، 9 اور 11 اگست کے واقعات کی خصوصی کمیٹی سے انکوائری کرائے اور قصوروار ارکان کے خلاف سخت کارروائی کرے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔
پریس کانفرنس میں ایوان بالا راجیہ سبھا میں قائد ایوان اور وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل ، ایوان کے نائب قائد اور اقلیتی امور کے وزیرمختارعباس نقوی ، پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی ، وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ سنگھ ٹھاکر، وزیرمحنت بھوپندر یادو ، وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان اور پارلیمانی امور کے وزیر مملکت وی مرلی دھرن اور ارجن رام میگھوال موجود تھے۔