نئی دہلی، 23 اپریل (یو این آئی) وزارت اطلاعات و نشریات نے نجی ٹیلی ویژن چینلوں کے ذریعہ یوکرین-روس جنگ اور شمال مغربی دہلی میں حالیہ تشدد کی کوریج پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان سے تحمل کا مظاہرہ کرنے، جھوٹے دعوؤں سے بچنے اور مقررہ ضابطوں پر عمل کرنے، نیز سنسنی خیز اور تہمت آمیز سرخیوں کا استعمال نہ کرنے کا مشورہ دیا۔
وزارت نے ہفتے کے روز ایک تفصیلی ایڈوائزری جاری کی جس میں نجی ٹی وی چینلوں سے کہا گیا کہ وہ کیبل ٹیلی ویژن نیٹ ورکس (ریگولیشن) ایکٹ 1995 کے سیکشن 20 اور اس کے تحت
تجویز کردہ پروگرام کوڈ کی دفعات پر سختی سے عمل کریں۔
وزارت نے کہا کہ اسے پتہ چلا ہے کہ حالیہ دنوں میں کئی سیٹلائٹ ٹیلی ویژن چینلوں پر واقعات کی کوریج میں غیر مصدقہ، گمراہ کن، سنسنی خیز اور سماجی طور پر ناقابل قبول زبان کا استعمال کیا گیاہے۔ اس دوران ماحول کو بگاڑنے والے اور فحش کلمات کا استعمال کیا گیا اور چیزوں کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔یوکرین-روس جنگ اور خاص طور پر شمال مغربی دہلی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ چینلز ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے ہیں۔