نئی دہلی۔ بھارت رتن سے سرفراز عالمی شہرت ہافتہ شہنائی نواز استاد بسم اللہ خان کے 102 ویں سالگرہ کے موقع پر آج گوگل نے ڈوڈل بنا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ گوگل کےڈوڈل میں استاد بسم اللہ خان کو ایک سفید رنگ کی پوشاک زیب تن کئے شہنائی بجاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ جس کے پس منظر میں ایک جیومیٹری کے اسٹائل میں ایک پیٹرن ہے اور گوگل لکھا ہوا ہے۔
بسم اللہ خان کی پیدائش 21 مارچ 1916 میں ہوئی تھی۔ انہیں پدم وبھوشن، پدم
بھوشن، پدم شری سمیت درجنوں ایوارڈز سے نوازا گیا۔ وہ تیسرے ہندوستانی موسیقار تھے، جنہیں بھارت رتن سے نوازا گیا ۔
انہوں نے 14 سال کی عمر میں عوامی محفلوں میں شہنائی بجانا شروع کر دیا تھا۔ تاہم، 1937 میں کولکتہ میں انڈین میوزک کانفرنس میں ان کی پرفارمنس سے انہیں ملک بھر میں شناخت و شہرت ملی۔ انہوں نے ایڈنبرا میوزک فیسٹول میں بھی پرفارم کیا تھا جس سے دنیا بھر میں انہیں شہرت ملی۔ دل کا دورہ پڑنے سے 21 اگست 2006 کو وہ اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔