بنگلورو : کرناٹک پولیس کو سینئر صحافی گوری لنکیش کے قتل کے معاملہ میں ایک بڑی کامیابی ہاتھ لگی ہے ۔ پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا ہے ۔ پولیس محکمہ کے اعلی سطحی ذرائع کے مطابق گرفتار مشتبہ ملزم کے ٹی نوین کمار عرف ہوتے منجا نے پولیس کو کچھ اہم معلومات فراہم کی ہیں جو اصلی قاتلوں تک پہنچانے میں پولیس کی بڑی مدد کرسکتی ہیں۔
نوین کمار کو بنگلورو کے میجسٹک علاقہ میں بس ٹرمنل کے پاس سے سٹی پولیس نے کچھ دنوں پہلے گرفتار کیا تھا ۔ مقامی عدالت نے اسے پولیس کی خصوصی تفتیشی ٹیم ( ایس آئی ٹی ) کی حراست میں بھیج دیا تھا ۔ یہ ایس آئی ٹی گوری لنکیش قتل کی جانچ کررہی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق نوین کمار کے شدت
پسند ہندو تنظیموں سے کافی قریبی تعلقات ہیں اور ہندو دیوی دیوتاوں کی بے حرمتی کو لے کر وہ گوری لنکیش سے کافی ناراض بھی تھا ۔ وہ مانڈیا ضلع کے مدور کا رہنے والا ہے ۔ مبینہ طور پر اس نے قتل کے دیگر دو مشتبہ ملزموں ابھی اور انی کو شوٹنگ کی ٹریننگ دی تھی ۔ وہ غیر قانونی ہتھیار خریدنے اور بیچنے کیلئے اکسر ممبئی اور پونے جاتا تھا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق اس نے کئی ملزموں اور شدت پسند تنظیموں کو ہتھیار فروخت کئے ہیں ۔ پولیس کو شک ہے کہ وہ براہ راست طور پر گوری لنکیش کے قتل میں شامل تھا یا پھر اس نے اصلی قاتلوں کو ہتھیار مہیا کرائے تھے ۔ پولیس کے مطابق گوری لنکیش کے گھر کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید قاتلوں میں سے ایک نوین کمار کی طرح دکھتا ہے۔