ذرائع:
حیدرآباد:چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو احکامات جاری کئے ہیں کہ وہ گروہالکشمی اور 500 روپئےمیں گیس سلنڈر اسکیموں پر عمل آوری کے لئے فوری تیاری کریں۔ ان دونوں اسکیموں کوجاریہ ماہ کی 27 یا 29فروری کو شروع کرنے کا عارضی طور پر فیصلہ کیا گیا ہے۔چیف منسٹر نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ جن لوگوں نےعوامی حکمرانی پروگرام کے تحت درخواستیں دی ہیں ان کو فائدہ پہنچایا جائے۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے جمعرات کو سکریٹریٹ میں کابینہ سب کمیٹی کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقدکیا۔جائزہ اجلاس میں ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی،ڈی سریدھر بابو، پونگولیٹی سرینواس ریڈی، چیف منسٹر کے مشیر ویم نریندر ریڈی کےعلاوہ چیف سکریٹری شانتی کماری، اسپیشل چیف سکریٹری فینانس ڈپارٹمنٹ رام کرشن راؤ، سول سپلائی کمشنر
ڈی ایس چوہان، ٹرانسکو ،جینکو کے سی ایم ڈی رضوی، سی ایم پرسنل سکریٹری شیشادری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ریاستی حکومت کی طرف سے اعلان کردہ چھ اہم ضمانتوں میں، مہالکشمی، جو خواتین کے لئے مفت بس سفر کی سہولت اور آروگیہ شری کی حدمیں 5 لاکھ روپئےسے بڑھا کر 10 لاکھ روپئے کیاگیاہے۔جوکہ دونوں اسکیمیں فی الحال روبہ عمل ہے۔چیف منسٹر نےاب دو مزید ضمانتیں گروہالکشمی اور گیس سلنڈر اسکیموں کو روبہ عمل لانے کا فیصلہ کیا ہے۔جائزہ اجلاس میں ان دونوں اسکیموں کی عمل آوری سے متعلق انتظامات اور طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیف منسٹر نےعہدیداروں کو ہدایت دی ہےکہ تمام اہل افراد کو اس اسکیم سے فائدہ پہنچانے کو یقینی بنانا عہدیداروں کی ذمہ داری ہے۔ جن لوگوں نےعوامی حکمرانی پروگرام میں درخواست نہیں دی ہے، انہیں ایم پی ڈی او اور تحصیلدار دفاتر میں درخواست دینے کا موقع ملنا چاہیے۔