نئی دہلی، 28 فروری (یو این آئی) یوکرین اور روس کے درمیان جاری جنگ میں بگڑتے حالات کے درمیان حکومت نے چار مرکزی وزراء کو یوکرین کے پڑوسی ممالک بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے یوکرین کے بحران پر ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں فیصلہ کیا کہ مرکزی ہاؤسنگ اور شہری ترقی کے وزیر ہردیپ پوری یوکرین کے پڑوسی ممالک کی مدد سے یوکرین میں پھنسے ہندوستانیوں کو نکالنے کے مشن میں حصہ لیں گے۔
وزیر ہوا بازی جیوترآدتیہ سندھیا، وزیر قانون و انصاف
کرن رجیجو اور سابق آرمی چیف روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز کے وزیر مملکت جنرل وی کے سنگھ جائیں گے۔ وزیر اعظم نے سب کو یقین دلایا کہ یوکرین میں پھنسے ہوئے ہندوستانی طلباء کی حفاظت اور محفوظ انخلاء حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مسٹر مودی نے اتوار کی دیر شام ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ بھی کی تھی جس میں وزیر اعظم نے دو گھنٹے سے زیادہ وقت تک موجود معززین کے ساتھ پڑوسی ممالک کی مدد سے یوکرین میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کے محفوظ انخلاء کے لیے تعاون بڑھانے کے لیے تبادلہ خیال کیا۔