نئی دہلی،18اکتوبر(ایجنسی)اترپردیش کے تین بار وزیراعلی رہے ،سابق سیاست داں نارائن دت تیواری کا جمعرات کو یہاں ایک پرائیویٹ اسپتال میں انتقال ہوگیا ۔وہ 93برس کے تھے۔ مسٹر تیواری لمبے وقت سے بیمار تھے اور وہ یہاں کے پرائیویٹ اسپتال میں داخل تھے۔
اتراکھنڈ میں 17اکتوبر1925کو نینی تال ضلع کے بلوتی گاؤں میں پیدا ہوئے مسٹر تیواری اتراکھنڈ کے وزیراعلی اور آندھرپردیش کے گورنر بھی رہے۔انہوں نے
مرکزی وزیر کے طورپر بھی اپنی خدمات دیں۔ان کے خاندان میں ان کی اہلیہ اجولا تیواری اور ایک بیٹا روہت شیکھر ہے۔
بھارت چھوڑو آندولن میں جیل جانے والے مسٹر تیواری نے آزادی کے بعد پرجا سوشلسٹ پارٹی سے اپنا سیاسی کریئر شروع کیا تھا۔وہ بعد میں کانگریس کے اہم لیڈر اور ملک کے پہلے ایسے سیاست داں ہوئےجنہیں دو ریاستوں کے وزیراعلی ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔انہوں نے کانگریس سے الگ ہوکر تیواری کانگریس بھی قائم کی تھی۔