دھاکہ، 23 اگست (یو این آئی) بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے رواں ماہ معزول کی گئیں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ کر دیا خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حسینہ واجد کی دستاویزات کو منسوخ کرنے کا قدم ایک ایسے موقع پر اٹھایا گیا ہے جب اقوام متحدہ کی ایک ٹیم گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ہونے والے مظاہروں میں انسانی
حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے ڈھاکہ پہنچی ہے
ملک میں عبوری حکومت کے آنے سے قبل چند ہفتوں کے دوران ہونے والے مظاہروں کے دوران 450 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے اور پھر سول نافرمانی تحریک کے بعد مشتعل ہجوم نے ڈھاکہ میں حسینہ واجد کی سرکاری رہائش گاہ پر دھاوا بول دیا تھا جس کے بعد انہیں معزول کر کے 15 سالہ اقتدار کا خاتمہ کردیا گیا تھا۔