نئی دہلی۔ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے)کی چیئرپرسن اور کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کی طرف سے دی گئی ڈنر پارٹی میں اپوزیشن جماعتوں کی یکجہتی نظر آئی جسے اگلے سال ہونے والے عام انتخابات کے لئے بی جے پی کے خلاف وسیع محاذ بنائے جانے کی قواعد کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
سونیا گاندھی حال ہی میں کہہ چکیں ہیں کہ آئندہ عام انتخابات میں ملک کے مفاد میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو بی جے پی کے خلاف متحد ہونا
چاہئے۔ انہوں نے اس کے لئے آپس کے چھوٹے موٹے اختلافات سے قطع نظر تمام پارٹیوں کو مل کر بی جے پی کو اقتدار سے باہر کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
ڈنر پارٹی کو اس کی شروعات خیال کیا جا رہا ہے۔ ڈنر پارٹی میں شریک لیڈروں نے پارلیمنٹ میں جاری تعطل پر تشویش ظاہر کی اور الزام لگایا کہ حکومت پارلیمنٹ نہیں چلنے دے رہی ہے۔ تمام پارٹیوں کے رہنماؤں کا خیال ہے کہ پارلیمنٹ چلانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس جوابدہی سے حکومت بچ نہیں سکتی۔