5 فروری کو ہونے والے دہلی اسمبلی انتخابات میں کون سی سیاسی پارٹی جیتے گی؟
حیدرآباد۔/17جنوری :- تلنگانہ کے وزیر صنعت کے ٹی آر نے جاپان میں وزیر صنعت یو جی موٹو سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے انہیں واقف کرایا۔ صنعتی شعبہ کیلئے جاپان کی پالیسی پر تلنگانہ میں تقلید کرنے سے اتفاق کیا۔ جنوبی کوریا کا دورہ مکمل کرکے ریاستی وزیر صنعت کے ٹی آر تلنگانہ وفد کے ساتھ آج جاپان پہنچے جہاں انہوں نے جاپان میں ہندوستانی سفیر سوجنا چنائے سے ملاقات کی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ وہ تلنگانہ میں سرمایہ داروں کو راغب کرنے کیلئے جاپان کے دورہ پر ہیں اس کے علاوہ مختلف شعبوں میں جاپان کی ترقی بالخصوص صنعتی ترقی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ویسٹ مینجمنٹ کے شعبہ میں جاپان نے جو پالیسی اختیار کی ہے وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے جاپان اور تلنگانہ کے مابین معاشی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے تعاون کرنے کی ہندوستانی سفیر سے خواہش کی۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ جاپان کے مالیاتی ادارے ’’ جیسکا ‘‘ نے تلنگانہ کے کئی پراجکٹس کو قرض فراہم کرتے ہوئے اپنا تعاون پیش کیا ہے۔ اس مالیاتی ادارہ سے تلنگانہ کے مزید پراجکٹس کو مالی تعاون حاصل ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔ بعد ازاں تلنگانہ کے وزیر صنعت نے جاپان کے وزیر صنعت یو جی موٹو سے ملاقات کی۔ تلنگانہ کی صنعتی پالیسی پر روشنی ڈالتے ہوئے سرمایہ کاری کے مواقعوں سے واقف کرایا۔ اس کے علاوہ کے ٹی آر کے وفد نے جاپان کی 12 کمپنیوں کے
نمائندوں سے ملاقات کی۔ تاکوما کمپنی کے نمائندوں سے ملاقات میں ویسٹ مینجمنٹ کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے کی اپیل کی۔ انہیں بتایا گیا کہ ریاست تلنگانہ شہری علاقوں میں پھیلا ہوا ہے۔ آبادی کے ساتھ شہری علاقوں میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے تلنگانہ حکومت ویسٹ مینجمنٹ شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ بالخصوص شہر حیدرآباد میں جدید ٹکنالوجی سے مربوط ویسٹ مینجمنٹ صنعتوں کے قیام پر اہمیت دی جارہی ہے۔ حکومت تلنگانہ اس مسئلہ پر تاکوما کمپنی سے ہاتھ ملانے کیلئے بھی تیار ہونے کا پیشکش کیا۔ اس کے علاوہ کے ٹی آر نے مختلف اہم انجینئرنگ کمپنیوں جے ایف ای، مینے بیا کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ ای ایس ایس فوڈس کمپنی کے صدر نشین ہیکو نوبایئے سے ملاقات میں تلنگانہ کے فوڈ پروسیسنگ شعبہ میں موجود مواقعوں سے واقف کرایا۔ میجی شیکا فارما کمپنی کے نمائندوں سے ملاقات میں کے ٹی آر زراعت، ویٹنری، ادویات کی تیاری کیلئے انہیں تلنگانہ کا رُخ کرنے کا مشورہ دیا۔ جاپان انوویشن نیٹ ورک کے وفد سے بھی تلنگانہ کے وزیر صنعت نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں تلنگانہ کے ٹی ہب، ٹی فائیبر کے علاوہ دوسرے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔