سرینگر، 5 دسمبر:- جنوبی کشمیر میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں لشکر طیبہ کے تین دہشت گردوں کے مارے جانے اور ایک دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کئے جانے کے بعد سیکورٹی وجوہات کے سبب ریل سروسز کوآج رد کردیاگیا ہے۔
ریلوے کے ایک سینئر افسر نے ’یو این آئی‘ کو بتایا کہ ٹرین سروسز صرف جنوبی کشمیر میں بند رہیں گی جبکہ شمالی کشمیر میں تمام ٹرینیں اپنی شیڈول پر چلیں گی.انہوں نے بتایا کہ وسطی کشمیر کے بڈگام-سری نگر سے جموں کے بانہال اور جنوبی کشمیر کے پلوامہ، اننت ناگ اور قاضی کوڈ ہوکر گزرنے والی ٹرینوں کی آپریٹنگ نہیں ہو گی.
ان ٹرینوں کو سیکورٹی وجوہات اور پولیس انتظامیہ کے مشورہ پر ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا.دوسری طرف جنوبی کشمیر کی طرف جانے والی تمام ٹرینوں کے ملتوی ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد اس سمت میں جانے والے اور مختلف اسٹیشنوں پر رکے مسافروں میں ناراضگی دکھا ئی دی ، لیکن ان مسافروں کے پاس مایوس ہو کر واپس اپنے گھروں کو جانے کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں تھا۔
وادی کشمیر میں اس سال ریلوے خدمات کے جزوی طور پر رد کئے جانے کا یہ 46 ویں واقعہ ہے. وادی میں نقض امن کے واقعات کی وجہ سے گزشتہ سال چھ ماہ تک ریلوے خدمات کو ملتوی رکھنا پڑا تھا۔