ممبئی/29جون(ایجنسی) ممبئی چارٹرڈ طیارہ حادثہ میں اپنی جان گنوانے والی پائلٹ ماریہ زبیری الہ آباد کی رہنےو الی تھیں۔ اہل خانہ کا دعوی ہے کہ ماریہ ملک کی پہلی مسلم خاتون پائلٹ تھیں۔ ان کے والدین الہ آباد کے رانی منڈی محلہ میں رہتے ہیں اور ماریہ کا بچپن بھی یہیں گزرا ۔ طیارہ حادثہ میں ماریہ کی موت کی خبر سے جہاں پورا کنبہ صدمے میں ہے ، وہیں ماریہ کے گھر پر تعزیت کرنے کیلئے آنے والوں کی قطار لگی ہوئی ہے۔ طیارہ حادثہ میں ماریہ کی موت پر لوگوں کو اب بھی یقین نہیں ہورہا
ہے۔
تقریبا 42 سال کی ماریہ کی پیدائش الہ آباد کے رانی منڈی محلہ میں ہوئی تھی۔ ماریہ کے والد اقبال حسن زبیری پیشہ سے ڈاکٹر ہیں۔ تین بہنوں اور ایک بھائی میں ماریہ سب سے بڑی ہونے کی وجہ سے کنبہ میں سب سے پیاری تھیں ۔ ماں فریدہ زبیری اور کنبہ کے دوسرے لوگ اسے ڈاکٹر بنانا چاہتے تھے ، لیکن ماریہ بچپن سے ہی پائلٹ بننے کی خواہشمند تھی۔