سری نگر ، 12 مئی (یو ا ین آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے برپورہ میں ہفتہ کی علی الصبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین گولہ باری کا مختصر تبادلہ ہوا جس میں سینٹرل ریزو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک اہلکار کی موت واقع ہوئی۔ تاہم جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ مہلوک سی آر پی ایف اہلکار کی شناخت 182 بٹالین سی آر پی ایف کے مندیپ کمار کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ برپورہ پلوامہ کے چنار باغ میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی 55 راشٹریہ رائفلز (آر آر)، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور 182 بٹالین سی آر پی ایف نے گذشتہ رات دیر گئے مذکورہ علاقہ میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقہ میں
موجود جنگجوؤں نے سیکورٹی فورس کے اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین گولہ باری کا مختصر تبادلہ ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کی فائرنگ سے سی آر پی ایف کا ایک اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں موجود جنگجوؤں جن کی تعداد تین بتائی جارہی تھی، فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے مابین گولہ باری کے نتیجے میں دو رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ ایک رہائشی مکان کا مالک بشیر احمد زخمی ہوا۔ زخمی بشیر احمد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا ’جنگجو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ علاقہ میں مقامی لوگوں کی جانب سے پتھراؤ بھی کیا گیا‘۔
یو این آئی. ظ ح بٹ۔ شا پ۔ 0833